تر بیلا غازی (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف مدر ونگ ضلع ہری پور کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید اختر حسین شاہ نے کہا کہ اداروں کا ٹکراؤ ملک اور قوم کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا،ملک پہلے ہی سیاسی اور معاشی اعتبار سے سنگین ترین حالات سے دوچار ہے،ایسے حالات میں اداروں کا ٹکراؤ ملک کی بنیادوں کو ہلا کررکھ دے گا، لہٰذا تمام اداروں کے سربراہان کو چاہئے کہ ضد اور انا سے ہٹ کر ملک
اور قوم کے وسیع تر مفاد کی خاطر تحمل وبرداشت کاثبوت دیں، ان خیالات کااظہار اْنہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں کیا،اْنہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کو مستحکم کرنے اور بنیادوں کو مضبوط کرنے کیلئے اداروں کا بنیادی کردار ہوتا ہے جن اداروں نے ملک کو مضبوط کرنا تھا اور آئین وقانون کی بالادستی کو قائم کرنا تھا، وہ بدقسمتی سے آپس میں دست وگریبان ہوتے نظر آرہے ہیں جبکہ ملک پر آئی ایم ایف کی تلوار لٹکی ہوئی ہے،مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے۔ لوگ بھوکے مررہے ہیں، اس وقت ہمارا ملک کسی قسم کے سیاسی بحران اور عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا، یوں لگتا ہے کہ ہمارے حکمرانوں، سیاستدانوں اور اداروں نے ماضی سے بھی کچھ سبق نہیں سیکھا،اسی دھینگا مشتی میں پہلے ہی ملک دولخت ہوچکا ہے، باقی ماندہ ملک بھی سنگین اور گھمبیر قسم کے حالات سے دوچار ہے۔
Copyright © 2022. Daily Mahasib All rights reserved | Contact Us | About Us