چناری (تحصیل رپورٹر) چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بلاجواز فرمائیشی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی جہلم ویلی کا احتجاجی دھرنا 49 دن گزرجانے کے بعدبھی بھرپور جوش و خروش کیساتھ جاری ہے ،کارکنان جلد رہائی کی امیدپر 5 اگست سے شاہراہ سرینگر پر احتجاجی دھرنے میں دن رات کی بنیاد پر موجود ہیں کارکنان خطابات اور نعروں سے عوام کے لہوگرماتے رہے ، عمران خان کے حق اور پی ڈی ایم جماعتوں کیخلاف پلے کارڈز و بینرز بھی عوامی توجہ کا مرکز رہے ۔ سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں عمران خان کے حق میں لائین آف کنٹرول سے متصلہ اس احتجاجی دھرنے کی مقبولیت میں روز بروزاضافہ ہورہا ہے پاکستان بھر اور آزادکشمیر بھر میں یہ اپنی نوعیت کا واحد احتجاجی دھرنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی آزادکشمیر کے مرکزی رہنما و سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی سیدذیشان حیدر اور دیگر مقررین نے کہا
ہ ملک و قوم کی سلامتی اور بحرانوں سے چھٹکارا ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد سے مشروط ہے۔الیکشن 2024 میں آئین کی پاسداری کرتے ہوئے عوام کو ان کی خواہش کے مطابق حقِ رائے دہی استعمال کرنے دیا گیا اور دھاندلی نہ کی گئی،تو ملک اس بحرانی صورتحال سے نکل کر خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔عمران خان ملک کے سابق وزیر اعظم اور ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں،انہیں انتخابات سے دور رکھنے کی کوئی بھی کوشش شفاف انتخابات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھی جائے گی۔ملک کی موجودہ حالت کسی نئے بحران کی متحمل نہیں۔ملک کو بچانے کے لیے تمام طبقے اور شخصیات کو اپنی انا قربان کر کے آئین پاکستان کی لاج رکھنی ہو گی۔ مقررین نے مذید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر عوام کی چیخ پکار ایوانوں میں بیٹھے مقتدر طبقے کو کیوں سنائی نہیں دے رہی۔ وہ چاہتے ہیں کہ میڈیا بھی عوام کو درپیش اذیت ناک صورتحال کو نہ دکھائے۔ملک میں لاقانونیت اور جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ ملک معاشی طور پر تباہ ہو رہا ہے ۔امریکہ کی پاکستان کے ساتھ صرف مفادات کی یاری ہے۔ ذیشان حیدر نے مذید کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام نے عملی جدوجہد سے ثابت کیا کہ وہ آزاد خارجہ پالیسی،داخلی خودمختاری، آئین پاکستان کی مکمل عملداری اور قانون کی بالادستی کے لئے ہر قسم کے مصائب اور دشواریوں کے باوجود میدان میں حاضر ہیں،ان شاءاللہ ظالم رسوا اور ثابت قدم رہنے والے سرخرو ہونگے،تاریخ گواہ ہے کہ نمرودوں،فرعونوں اور یزیدوں نے عوام کو ٹکڑوں میں تقسیم کر کے کمزور کیا،لیکن پھر بھی آزادی کے متوالوں کا خون ہمیشہ ظالموں کی تلوار پر غالب آیا،میرے عزیز باشعور پاکستانیو ہمارا فریضہ اور ذمہ داری ظلم سے ٹکرانا ہے،ظالموں کا مقابلہ کرنا،مظلوموں کا ساتھ دینا،اور میدان میں حاضر رہنا ہے،نتیجہ اللہ پر چھوڑنا ہے۔